سپریم کورٹ، وفاقی آئینی عدالت اور ہائی کورٹس میں ججز کی تعیناتی کے طریقہ کار طے کرنے کےلیے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 12 جنوری کو طلب کرلیا گیا۔ اعلیٰ عدلیہ میں تقرریوں کے شفاف فریم ورک پر فیصلہ متوقع ہے۔
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت اجلاس 12 جنوری کو ڈیڑھ بجے سپریم کورٹ کے کانفرنس روم میں ہوگا۔ ایجنڈے کے مطابق اعلیٰ عدلیہ میں ججز کی تعیناتی سے قبل امیدواروں کے انٹرویوز کے طریقہ کار پر غور کیا جائے گا۔
آرٹیکل 176 اے کی شق 4 میں ججوں کے تقرر سے قبل انٹرویوز کا ذکر موجود ہے تاہم جوڈیشل کمیشن رولز 2025 میں اس حوالے سے واضح طریقہ کار شامل نہیں۔ اجلاس میں وفاقی آئینی عدالت میں مزید ججز کی تعیناتی کے طریقہ کار کو بھی حتمی شکل دی جائے گی۔ ہائی کورٹس میں آئینی بینچز کے لیے ججز کی نامزدگیوں کے طریقہ کار پر بھی غور ہوگا۔



















