پاکستان کے ٹیلی کام سیکٹر میں ایک بڑی اور اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے ٹیلی نار پاکستان اور اوریئن ٹاورز کے 100 فیصد حصص کا حصول باضابطہ طور پر مکمل کر لیا ہے۔
پی ٹی سی ایل نے اس اسٹریٹجک لین دین سے متعلق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو باقاعدہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے جاری دستاویزات کے مطابق یہ معاہدہ پی ایس ایکس رول بک اور سیکیورٹیز ایکٹ کے تمام تقاضوں کے تحت مکمل کیا گیا۔
اس حصول کے بعد پی ٹی سی ایل کو ٹیلی نار پاکستان کا مکمل آپریشنل کنٹرول حاصل ہو گیا ہے، جبکہ اوریئن ٹاورز کے تمام انفرااسٹرکچر اثاثے بھی پی ٹی سی ایل کے کنٹرول میں آ گئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق اس معاہدے سے پاکستان کی ٹیلی کام انڈسٹری میں مسابقتی منظرنامے میں نمایاں تبدیلی کا امکان ہے، جس کے اثرات صارفین، سرمایہ کاری اور مارکیٹ اسٹرکچر پر بھی مرتب ہو سکتے ہیں۔





















