سموگ کے تدارک کے لئے منعقدہ کابینہ کمیٹی کے اجلاس کے بعد نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہو رمیں 10ہزار طلباء اور سرکاری ملازمین کو سبسڈی پر الیکٹرک بائیک دی جائے گی۔
سموگ کے تدارک کے لئے منعقدہ کابینہ کمیٹی کے اجلاس فیصلہ کیا گیا کہ لاہور سمیت 6ڈویژن میں جمعہ اور ہفتے کو تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔مارکیٹیں، ریسٹورنٹ اور کاروباری ادارے تین بجے کے بعد کھولیں جا سکیں گے۔ 6ڈویژن میں اتوار کو تمام مارکیٹیں اور ادارے بند رہیں گے۔ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان اور ساہیوال ڈویژن پر سموگ کے اثرات زیادہ ہونے کی وجہ سے فیصلوں کا نفاذ ہوگا 29نومبر کو بارش کے لئے موزوں بادل ہوئے تو مصنوعی بارش برسائی جائے گی۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ لاہو رمیں 10ہزار طلبہ کو سبسڈی پر الیکٹرک بائیک دی جائے گی۔ سرکاری ملازمین کو بھی لیز پر ای بائیک دی جائیں گی۔ طلباء کو سبسڈی پر الیکٹرک بائیک دینے کے لئے خصوصی کمیٹی اپنی سفارشات پیش کرے گی۔سرکاری ملازمین کو بھی لیز پر الیکٹرک بائیکس دینے کے حوالے سے اقدامات کررہے ہیں۔ مال روڈ پر اتوار کے روز گاڑیوں کا داخلہ بند، صرف سائیکل آسکیں گے۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ لاہور میں ایئرفلٹرز ٹاورز لگانے کے ایم او یو پر دستخط ہوگئے ہیں۔ مارکیٹیں بند کرنے کے حق میں نہیں ہیں کسی کا نقصان نہیں کرنے چاہتے لیکن ضرورت کے مطابق ایڈجسٹمنٹ ضروری ہے۔ جمعہ کو سرکاری دفاتر کھلیں گے،ہفتے کے دن 3بجے کے بعد کھلیں گے۔ لاہور میں ایئر کوالٹی انڈیکس کا تناسب صبح کے وقت زیادہ ہوتا ہے اور دوپہر میں کم ہوجاتا ہے۔ سموگ میں کمی کے لئے سڑکوں پر پانی کا چھڑکاؤ دگنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ واسا، پی ایچ اے اور ایل ڈبلیو ایم سی آج سے پانی کا چھڑکاؤ ڈبل کریں گے۔کوشش ہے کہ ایئرکوالٹی انڈیکس کی پیک کو توڑا جائے۔عوام ماسک کی پابندی کریں تاکہ آپ کی صحت پر سموگ کے کم سے کم اثرات مرتب ہوں۔ ایئرکوالٹی انڈیکس کی زیادہ ہونے کی وجہ انڈیا کی فصلوں کی باقیات جلانا ہے۔