بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم خالدہ ضیا 80 سال کی عمرمیں انتقال کرگئیں۔ بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی نے سوگ کا اعلان کردیا۔
خالدہ ضیا کئی روز سے وینٹی لیٹر پرتھیں ۔ جگر، دل اورذیابیطس جیسے سنگین بیماریوں کا طویل عرصے سے مقابلہ کررہی تھیں۔ ان کے بیٹے طارق رحمان چند روز قبل ہی 17 سال بعد بنگلہ دیش پہنچے تھے۔ انھیں پارٹی کا قائم مقام چیئرمین بنایا گیا ہے۔
خالدہ ضیا کی سیاسی زندگی انتہائی ہنگامہ خیز رہی۔ وہ بنگلہ دیش کی پہلی خاتون وزیراعظم بنیں۔ ان کا پہلا دور 1991 سے 1996 تک تھا جبکہ دوسرا دور 2001 سے 2006 تک تھا۔
حسینہ واجد دور میں خالدہ ضیا کےخلاف کرپشن اور دہشت گردی کے مقدمات بنائے گئے۔ ایک مقدمہ میں انھیں قید کی سزا بھی سنائی گئی ۔ انتخابی سیاست کیلئے نااہل قرار دیا گیا۔ انھیں علاج کےلیے بیرونِ ملک جانےکی اجازت نہیں ملی۔
بنگلہ دیش میں نوجوانوں کی تحریک کے بعد شیخ حسینہ واجد کی حکومت کا دھڑن تختہ ہواتو خالدہ ضیا جیل سے واپس آئیں۔ لیکن ان کی صحت نے سیاسی سرگرمیوں کی اجازت نہ دی۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے چند ماہ قبل بنگلہ دیش کے دورے کے موقع پر خالدہ ضیا سے ملاقات کی تھی۔





















