فرانسیسی فلم انڈسٹری کی لیجنڈری اداکارہ بریژیت باغدو 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
عالمی سنیما کی تاریخ کا ایک روشن ستارہ ڈوب گیا،فرانسیسی فلم انڈسٹری کی لیجنڈری اداکارہ اور جانوروں کےحقوق کی علمبرداربریژیت باغدو 91 برس کی عمرمیں چل بسیں،فرانس میں محض 'بی بی' (B.B) کے نام سے پکاری جانے والی بریژیت باغدو ناصرف اپنی خوبصورتی بلکہ اپنی جرات مندانہ شخصیت اورخواتین کی خود مختاری کے حوالے سے بھی دنیا بھر میں پہچانی جاتی تھیں۔
غیر ملکی میڈیا کےمطابق بریژیت باغدو کا فنی سفر 1952 میں شروع ہوا اور وہ 1973 تک فرانسیسی اور عالمی سنیما پرچھائی رہیں،انہوں نے 39 برس کی عمرمیں، جب وہ شہرت کی بلندیوں پر تھیں، اداکاری سے کنارہ کشی اختیارکر کے اپنی بقیہ زندگی جانوروں کے تحفظ کے لیے وقف کر دی۔
انہوں نے اپنی فاؤنڈیشن کےذریعے جانوروں کےحقوق کی عالمی سطح پرمہم چلائی،جس کے باعث انہیں ناصرف سراہاگیا،بعض سیاسی بیانات کی وجہ سے وہ تنازعات کا مرکز بھی رہیں۔ ان کی وفات پر دنیا بھر کے فلمی حلقوں اورجانوروں کے حقوق کی تنظیموں کی جانب سے گہرے دکھ کا اظہار کیا جا رہا ہے۔






















