میکسیکو میں ٹرین کے پٹری سے اترنے کے افسوسناک حادثے میں کم از کم 13 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے۔
خبر ایجنسی کے مطابق یہ حادثہ ریاست اوساکا اور ویرا کروز کو ملانے والی ریلوے لائن پر پیش آیا، جس کے بعد علاقے میں ہنگامی صورتِ حال نافذ کر دی گئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کے وقت ٹرین میں مجموعی طور پر 241 مسافر سفر کر رہے تھے جبکہ عملے کے 9 ارکان بھی ٹرین میں موجود تھے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ادارے، مقامی پولیس اور طبی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کرنے کے لئے امدادی کارروائیاں کی گئیں جبکہ شدید زخمی افراد کو خصوصی طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی ممکنہ وجوہات میں ٹریک کی خرابی یا تکنیکی نقص شامل ہو سکتا ہے، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، حادثے کے بعد اس ریلوے روٹ پر ٹرین سروس عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے جبکہ مسافروں کو متبادل سفری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔





















