عالمی مارکیٹ میں سونے اور چاندی کی قیمتوں نے گزشتہ تمام ریکارڈ توڑ دیے۔
خبرایجنسی کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران چاندی کی قیمت میں 3.6 فیصد اضافہ ہوا۔ چاندی کی قیمت 75.14 ڈالر فی اونس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
دوسری جانب سونے کی قیمت بھی 4 ہزار 530 ڈالر فی اونس کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، امریکا میں شرح سود کم نہ ہوئی تو قیمتی دھاتیں مزید مہنگی ہوسکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق سال کے اختتام پر مارکیٹ میں کم لیکویڈیٹی، سرمایہ کاروں کی جانب سے قیاس آرائیوں میں اضافہ، امریکی شرح سود میں مزید کٹوتیوں کی توقعات اور بڑھتی ہوئی جغرافیائی کشیدگی نے قیمتی دھاتوں کو نئی بلندیوں تک پہنچا دیا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق سخت سپلائی، آٹو موبائل انڈسٹری میں مضبوط مانگ اور سونے سے سرمایہ کاری کا رخ دیگر دھاتوں کی جانب منتقل ہونے کے باعث پلاٹینم اور پیلیڈیم کی قیمتوں میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ تمام قیمتی دھاتیں ہفتہ وار بنیادوں پر نمایاں منافع کی جانب گامزن ہیں۔






















