لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے نو مئی جلاؤ گھیراؤ کے دو مقدمات کا تحریری فیصلہ جاری کردیا فیصلے کے مطابق میاں محمود الرشید کو مجموعی طور پر 33 سال قید اور ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ کو 10،10 سال قید کی سزا ہوئی۔
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے گلبرگ میں گاڑیاں جلانے سمیت جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے کا فیصلہ جاری کیا۔ عدالت نے جرم ثابت نہ ہونے پر 23 ملزمان کو بری کردیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ یاسمین راشد ،اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ پر دونوں سازش کی میٹینگ میں موجود ہونا ثابت ہوتا ہے۔ رہنماؤں سمیت 7 ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر قید کی سزا سنائی جاتی ہے ۔
فیصلے کے مطابق یاسمین راشد سمیت 4 رہنماؤں نے ملک میں جلاؤ گھیراؤ کے لیے عوام میں انتشار پھیلایا۔ پراسیکیوشن نے مختلف واٹس ایپ میسجز اور 70 سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کی۔ ملزمان کے خلاف فرانزک رپورٹس بھی کمرہ عدالت میں پیش کی گئیں۔
تحریری فیصلہ کے مطابق جے آئی ٹی کی تفتیشی ٹیم نے ملزمان کو قصور وار قرار دیا۔ملزمان نے جے آئی ٹی کی رپورٹ کو کسی فورم پر چیلنج بھی نہیں کیا۔ملزمان نے اپنی حتمی بیانات میں خود کو معصوم قرار دیا۔پراسکیوشن اپنا کیس ثابت کرنے میں کامیاب رہی۔



















