وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر صدر متحدہ عرب امارات محمدبن زیدالنہیان پاکستان پہنچ گئے۔ وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈمارشل عاصم منیر نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
نورخان ایئربیس پر معزز مہمان کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ مسلح افواج کے چاق وچوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے
وفاقی وزراء احسن اقبال، خواجہ آصف، محمداورنگزیب اور وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان بھی نورخان ایئربیس پرموجود تھے، وزیراعظم شہبازشریف نےمعزز مہمان کو کابینہ ارکان کا تعارف کروایا۔
دیرنہ دوست کے استقبال کےلیے اسلام آباد کی اہم شاہراہوں اورعماتوں پر پاک یواے ای پرچموں اورقائدین کی تصاویر کی بہار ہے۔ راستوں کی خصوصی تزئین و آرائش، برقی قمقموں سے چراغاں کردیا گیا۔
صدر یو اے ای بننے کے بعد شیخ محمد بن زید کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔ جس میں وزراء اور اعلیٰ حکام پر مشتمل اعلیٰ سطح کا وفد بھی ان کے ہمراہ پہنچ گیاہے۔ معزز مہمان کا طیارہ پاکستانی فضاؤں میں داخل ہونے پر پاک فضائیہ کے شاہین ، لڑاکا جہازوں سے سلامی دے کر حفاظتی حصار میں لیا۔
یو اے ای قیادت کی وزیراعظم شہبازشریف سے ملاقات اور وفود کی سطح پر مذاکرات ہوں گے۔ علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کے ساتھ دوطرفہ مجموعی تعلقات کا کثیر الجہتی جائزہ لیا جائے گا۔ پاکستان میں سرمایہ کاری اور خلیج میں اسٹریٹجک شراکت داری مضبوط بنانے پر بات ہوگی۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق متحدہ عرب امارات کی اعلیٰ ترین قیادت کا دورہ پاکستان دیرینہ برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ جس میں دو طرفہ تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، ترقی اور علاقائی استحکام میں تعاون کے فروغ کے نئے مواقع بھی تلاش کئے جائیں گے۔



















