صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ قائداعظم نے مسلمانوں کا ہاتھ تھام کر انہیں آزادی اور الگ شناخت کی راہ دکھائی، قائداعظم کی اصولوں پر مبنی سیاست، کبھی مسلمانوں کےحقوق پر سمجھوتہ نہیں کیا۔
قائد اعظم محمد علی جناح کے یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ قائداعظم کی قیادت کی بدولت آج ہم ایک آزاد، خود مختار ملک میں زندگی گزاررہے ہیں، بانی پاکستان کے مطابق آگے بڑھنے کیلئے ان کے رہنما اصولوں کو اپنانا ہوگا۔
وفاقی وزیرمواصلات نے کہا کہ قائد کا ویژن ذاتی مفاد کیلئے نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے تھا، بابائے قوم مذہبی آزادی، قانون کی حکمرانی، آئینی بالادستی، مساوات کے علمبردار تھے، قائداعظم نےمسلمانوں کا ہاتھ تھام کر انہیں آزادی اور الگ شناخت کی راہ دکھائی، ان کاعزم تھا"ہماری خارجہ پالیسی دنیاکی تمام اقوام کے ساتھ دوستی وخیرسگالی پرمبنی ہے"۔
دوسری جانب کرسمس کے موقع پر عبدالعلیم خان نے مسیحی برادری کو دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اقلیت اور اکثریت سے بالاتر ہو کر ہمیں قومیت کی سوچ اپنانا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی سلامتی ہر خوشی سے مقدم ہے اور آج مسیحی بھائیوں، بہنوں اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کا دن ہے۔ عبدالعلیم خان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم سب مل کر پاکستان کے استحکام، سلامتی اور روشن مستقبل کیلئے مشترکہ کاوشیں جاری رکھیں گے۔






















