صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قائدِاعظمؒ کے اصولِ جمہوریت، انصاف اور مساوات آج بھی پاکستان کے لئے مشعلِ راہ ہیں اور انہیں قومی فیصلوں اور اداروں کی بنیاد بنانا ناگزیر ہے، قائدِ اعظمؒ کا پیغامِ اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط قوم کو ایک واضح سمت فراہم کرتا ہے جو موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے، سماجی ہم آہنگی کے فروغ اور قومی اعتماد کی بحالی کے لئے نہایت اہم ہے۔
بانی پاکستان قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کے یومِ پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ آئندہ برس قائداعظمؒ کا 150واں یومِ پیدائش منایا جائے گا جو ان کی زندگی اور جدوجہد پر سنجیدہ اور فکری غور و فکر کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے، یہ موقع قوم کو قائداعظمؒ کے وژن سے اپنے عزم کی تجدید اور ان کے نظریات کو دیانت اور مقصدیت کے ساتھ آئندہ نسلوں تک منتقل کرنے کا تقاضا کرتا ہے۔
انہوں نے تمام پاکستانیوں بالخصوص نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ قائداعظمؒ کے اعلیٰ اصولوں کو اپنائیں اور ایک پُرامن، جامع اور مستقبل کی جانب دیکھنے والے پاکستان کی تعمیر میں فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ملک کو مختلف مشکلات کا سامنا ہے تاہم اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے ان چیلنجز پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
صدرمملکت آصف علی زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت جمہوریت کے استحکام، برداشت کے فروغ اور بلا امتیاز تمام شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ یہی وہ پاکستان ہے جس کا خواب قائداعظمؒ نے دیکھا تھا اور جس کی تکمیل کے لئے اجتماعی کاوشیں ناگزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت اتحاد، دیانت، مقصدیت اور باہمی احترام میں مضمر ہے اور قوم کو قائداعظمؒ کے رہنما اصولوں کی روشنی میں ایک منصفانہ، جمہوری اور بااعتماد مستقبل کی تعمیر کے لئے مل کر آگے بڑھنا ہوگا۔



















