مسلم لیگ (ن) کو آزاد کشمیر میں بڑی سیاسی کامیابی مل گئی۔ پی ٹی آئی رہنما سردار میر اکبر نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی آزاد کشمیر کے لیگی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں حلقہ شرقی باغ سے رکن اسمبلی سردار میر اکبر نے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کردیا۔
سردار میر اکبر نے کہا کہ باغ میں مرکزی قیادت کا ایک بڑا جلسہ منعقد کریں گے، آج مسلم لیگ ن میں باضابطہ شمولیت اختیار کرتا ہوں، تمام پرانے ساتھیوں کا شکر یہ ادا کرتا ہوں، ہمارا تعلق آج کا نہیں، 30 سے 35 سال پرانا کا ہے۔
وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے کہا کہ پارٹی اور قیادت کی طرف سے سردار میر اکبر کو خوش آمدید کہتے ہیں، کشمیر کے عوام نے مینڈیٹ دیا تو مسلم لیگ ن نے مایوس نہیں کرے گی، کشمیری بغیر تنخواہ کے پاکستان کے محافظ ہیں، کشمیری کئی سال سے بھارت کیخلاف جدوجہد میں مصروف ہیں۔
صدر مسلم لیگ ن آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے کہا کہ مختلف حلقوں میں ساتھیوں کو واپس گھر لارہے ہیں، کچھ لوگوں نے مختلف وجوہات پر ساتھ چھوڑا تھا،انھیں ساتھ لا رہے ہیں، آج سردار میر اکبر مسلم لیگ ن میں شامل ہورہے ہیں، خوش آمدید کہتے ہیں۔
اس موقع پر راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ سردار میر اکبر کو مسلم لیگ ن میں خوش آمدید کہتے ہیں، میر اکبر خان کی شمولیت سے ضلع باغ میں جماعت مضبوط ہوگی، آئندہ انتخابات میں آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت ہوگی۔



















