وزیراعظم شہبازشریف نے یونیورسٹی آف ہری پور میں طلبا میں لیپ ٹاپ تقسیم کیئے اور کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا غیور عوام کا صوبہ ہے، کے پی کےعوام کئی دہائیوں سے دہشتگردی سے نبردآزما ہیں، پولیس،سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت ملک قائم ودائم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہناتھا کہ خیبرپختونخوا میں مزید لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے، پاکستان کی ترقی کی کنجی نوجوان نسل ہے، بطوروزیراعلیٰ پنجاب 600 بچوں کو چینی زبان سکھانے بھجوایا تھا، چاروں صوبے ملکر ترقی کریں گے تو پاکستان عظیم بنے گا، افواج پاکستان نے جنگ میں مودی سرکار کو وہ سبق سکھایا جو وہ کبھی نہیں بھولے گا، عوام کی دعاؤں سے بھارت کے خلاف جنگ میں فتح ملی۔
وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے قوم کی دعائیں سنیں، اللہ تعالیٰ نے پاکستان کوعزت نصیب فرمائی، بھارت اپنی شکست کو کبھی فراموش نہیں کر سکے گا، پاکستان کو وہ عزت ملی جس کا آج تک احترام کیا جاتا ہے، آج تک میرٹ پر6لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے ہیں، اےآئی کی تربیت کیلئے پورے پاکستان کے بچوں کو بیرون ملک بھجوائیں گے۔
ان کا کہناتھا کہ معیشت منجھدار سے نکل آئی ہے، پاکستان ڈیفالٹ سے نکل گیا،اب گروتھ لےکرآنی ہے، عوام فیصلہ کر لیں باقی قوموں سےآگے بڑھنا ہے تو اللہ تعالیٰ کی نصرت ساتھ ہو گی، ترقی جادو ٹونے سے حاصل نہیں ہو گی، قوم اکٹھی ہو گی تو پاکستان کی رفتار کوئی نہیں روک سکےگا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہری پور کیلئے دانش سکول کا اعلان کیا اور کہا کہ ہمیں خیبرپختونخوا کے کلچر کا احترام کرنا چاہیے۔






















