کراچی ایئرپورٹ پر نجی ایئرلائن کے عملے کی جانب سے مسافر کا پاسپورٹ پھاڑنے کے واقعے کی تحقیقات مکمل کر لی گئیں۔ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی جانب سے جاری تحقیقاتی رپورٹ میں واقعے کا ذمہ دار مکمل طور پر ایئرلائن کے عملے کو قرار دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسافر قدرت اللہ نجی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے جدہ روانہ ہونے کے لیے کاؤنٹر پر موجود تھا۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاسپورٹ چیکنگ کے دوران کاؤنٹر پر موجود خاتون کرن نے پاسپورٹ سے اسٹیکر ہٹاتے ہوئے لاپرواہی برتی، جس کے نتیجے میں پاسپورٹ پھٹ گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسافر دوپہر ایک بج کر پچیس منٹ پر کاؤنٹر پر پہنچا تھا، تاہم پاسپورٹ کو نقصان پہنچنے کے باعث وہ سفر نہ کر سکا۔ واقعے کے بعد مسافر انٹرنیشنل ڈیپارچر ٹرمینل بلڈنگ سے باہر آیا اور احتجاجاً چیخ و پکار شروع کر دی۔
تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق ایئرلائن کے کسی بھی اہلکار نے مسافر کی شکایت پر توجہ دینے یا صورتحال کو سنبھالنے کے لیے باہر آ کر رابطہ نہیں کیا۔ پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کی رپورٹ میں نجی ایئرلائن کے عملے کی غفلت اور غیر ذمہ دارانہ رویے کی نشاندہی کی گئی ہے۔






















