ملک کے تین بڑے بین الاقوامی ایئرپورٹس پر تیز ترین امیگریشن سہولت فراہم کرنے کے لیے ای گیٹس منصوبے میں اہم پیشرفت سامنے آ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق کراچی ایئرپورٹ پر مسافروں کی امیگریشن کے لیے ای گیٹس نصب کرنے کے لیے جگہ کا تعین کر لیا گیا ہے۔
ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ای گیٹس ایف آئی اے کے امیگریشن کاؤنٹرز پر نصب کیے جائیں گے، جس سے روانگی اور آمد دونوں صورتوں میں مسافروں کو امیگریشن کے عمل میں کم وقت لگے گا اور رش میں نمایاں کمی آئے گی۔
ای گیٹس منصوبے پر ایف آئی اے، ایئرپورٹس اتھارٹی اور نادرا مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں کراچی، لاہور اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر ای گیٹس نصب کیے جائیں گے، جس کے بعد دیگر ہوائی اڈوں پر بھی اس سہولت کو توسیع دی جائے گی۔
حکام کے مطابق ای گیٹس کی تنصیب سے امیگریشن کا عمل جدید، تیز اور مؤثر ہو جائے گا، جس سے مسافروں کو بہتر سفری سہولت میسر آئے گی۔






















