امام کعبہ صالح بن عبداللہ آل حمید کی سربراہی میں سعودی عرب کا وفد 6 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گیا۔ نگران وزیر تعلیم نے ملاقات کرکے پوری قوم اور حکومت کی طرف سے انکا خیرمقدم کیا۔ امام کعبہ نے کہا پاکستانی ہمارے بھائی ہیں، چاہتے ہیں کہ پاکستان ریاست مدینہ جیسا بن سکے۔
امام کعبہ صالح بن عبداللہ آل حمید سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ نگران وزیر تعلیم نے پاک سعودی تعاون کے مزید فروغ کی خواہش کا اظہار بھی کیا۔
نگران وزیر تعلیم مدد علی سندھی نے کہا ہماری سعودی عرب کیلئے محبت و عزت کی کوئی انتہاء نہیں، اس والہانہ محبت و عقیدت کی وجہ مکہ اور مدینہ ہیں۔
امام کعبہ صالح بن عبداللہ آل حمید نے کہا پاکستان پہنچ کر ایسا لگتا ہے جیسے اپنے گھر آگیا ہوں، پاکستان کوریاست مدینہ جیسا دیکھنا چاہتے ہیں۔
امام کعبہ صالح بن عبداللہ آل حمید کی سربراہی میں پاکستان پہنچنے والے وفد میں سعودی وزیر داخلہ، وزیر تعلیم اور سعودی سفیر شامل ہیں۔
اس سے پہلے سعودی ایئرلائن کی پرواز سے اسلام آباد پہنچنے پر اعلیٰ حکومتی و سرکاری حکام نے ایئر پورٹ پر استقبال کیا، دورے کے دوران سعودی وفد پاکستان میں اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کرے گا۔