وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان سے تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف توئر نے ملاقات کی جس دوران وزیراعظم شہبازشریف کی دعوت پر پاکستان آنے والے تاجک ثقافتی طائفے کے آٹھ روزہ دورے کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔
عبدالعلیم خان نے پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ثقافتی وفود کے تبادلے کو خوش آئند قرار دیا۔تاجکستان سے موسیقی، سازندے اور ثقافتی رقص کے فنکار پاکستان کا 8 روزہ دورہ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق عبدالعلیم خان نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے مابین ثقافتی وفود کو تبادلہ خوش آئند ہے، دونوں ممالک گہرے ثقافتی ورثے کے حامل ہیں ، پاکستان کیلئے میزبانی لائق مسرت ہے۔
سفیر شریف زادہ یوسف توئر نے کہا کہ تاجکستان کا ثقافتی طائفہ 6دن اسلام آباد اور دو دن لاہور میں قیام کرے گا، پاکستان ہمارا دوسرا گھر، یہاں کی میزبانی لطف اندوز ہے۔
وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے سفیر موصوف سے اپنے حالیہ دورہ تاجکستان کے حوالے سے بھی گفتگو کی جبکہ ملاقات میں پاکستان اور تاجکستان کے مابین دوطرفہ تعاون کے فروغ پر بھی بات چیت ہو ئی۔
سفیر نے کہا کہ یہ کسی بھی اسلامی ملک کا پاکستان کا دورہ کرنے والاسب سے بڑا ثقافتی طائفہ ہو گا۔ تاجکستان کے سفیر نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کو طائفے کی سرگرمیوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔
تاجکستان کے سفیر شریف زادہ یوسف توئر نے وفاقی وزیرعبدالعلیم خان سے اردو میں بھی گفتگو کی ، عبدالعلیم خان نے کہا کہ آپ کا اردو زبان پر عبور پاکستان سے محبت کا اظہار ہے، ۔
وزیر اعظم نے دورہ کرنے والے تاجکستان کے 75 رکنی طائفے کو سٹیٹ گیسٹ کا درجہ دیا ہے، یہ 75 رکنی ثقافتی طائفہ 16 سے 24 دسمبر تک اسلام آباد اور لاہور میں پرفارم کرے گا۔
تاجکستان کی وزیر اور سابق ڈپٹی وزیر اعظم متلوبخون ستاریاں بھی ثقافتی طائفے کے ہمراہ ہوں گی۔






















