اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایمان مزاری اور ہادی علی چٹھہ کیخلاف متنازع ٹویٹ کیس میں شہادتیں دوبارہ ریکارڈ کرنے کا حکم دیدیا ۔ جسٹس اعظم خان نے کہا کیس کے میرٹس پر جائے بغیر شہادتیں تین روز میں دوبارہ ریکارڈ کرنے کی ہدایت کر رہے ہیں ۔
ریاست علی آزاد ایڈووکیٹ نے استدعا کی ہم نے سپریم کورٹ کےآرڈر سمیت ریکارڈ لگانا ہے وقت دیا جائے۔سینئر وکیل فیصل صدیقی آئندہ سماعت پر دلائل دیں گے ۔ جسٹس اعظم خان نے کہا سپریم کورٹ نے ہمیں درخواست پر جلد فیصلہ کرنے کا حکم دیا ہے ۔
وکیل نے مؤقف اپنایا سپریم کورٹ نےدونوں فریقین کو سن کر فیصلے کا کہا ۔ فیئرٹرائل ملزمان کا آئینی حق ہے مناسب موقع دیا جائے ۔ اسسٹنٹ اٹارنی جنرل نے کہا عدالت کے سامنے تمام ریکارڈ موجود ہے فیصلہ کیا جا سکتا ہے ۔ یہ کیس میں تاخیر کی ایک اور کوشش ہے ۔
جسٹس اعظم خان نے کہا عدالت حاضری میں استثنیٰ اسی لئے ہوتا ہے کہ ٹرائل متاثر نہ ہو ۔ ہم کیس کے میرٹس پر نہیں جا رہے ۔ فریقین کی رضامندی سے شہادتیں دوبارہ ریکارڈ کرنے کی ہدایت کی جاتی ہے ۔



















