محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹے کے دوران سردی کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پہاڑی علاقوں میں موسم شدید سرد رہنے کا امکان ہے۔ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں چند مقامات پر بارش اور ہلکی برفباری متوقع ہے۔
شمال مغربی بلوچستان میں بھی چند مقامات پر بارش، پہاڑوں پر ہلکی برفباری کا امکان ہے۔ پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں میں اسموگ اور دھند چھائے رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 14 سے سے 15 دسمبر کے دوران بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری متوقع ہے۔ راولپنڈی ،اسلام آباد، پشاور میں بوندا باندی اور مری میں ہلکی بارش ، برفباری کا امکان ہے۔ 19 دسمبر سے مغربی ہواؤں کا ایک اور سلسلہ ملک میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر نے ایڈوائزری جاری کر دی
دوسری جانب ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق 18 دسمبر تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ پہاڑی راستوں پر ٹریفک کی روانی متاثر اوربعض مقامات پر سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق بالائی خیبر پختونخوا ، کوہستان اور گلگت بلتستان میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ آزاد کشمیر اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی بارش اور برفباری متوقع ہے۔
ممکنہ موسمی صورتحال کے باعث دھند کی شدت میں بھی اضافہ کا امکان ہے۔ میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ پہاڑی اور بالائی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ کوہستان، بالائی کےپی، آزادکشمیر اور جی بی کےپہاڑی علاقوں میں شدید برفباری ہو سکتی ہے۔ پہاڑی راستوں پر ٹریفک روانی متاثر اوربعض مقامات پر سڑکیں بند ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کر دیا گیا۔ کوئٹہ، زیارت اور شمال مغربی بلوچستان میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر بھی برفباری ہوسکتی ہے۔
ایڈوائزی کے مطابق 16 سے 18 دسمبر کے دوران برفباری کی شدت میں کمی ہوگی البتہ سردی کی شدت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ خراب موسمی حالات کے دوران شہریوں کو پہاڑی علاقوں کا غیر ضروری سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ متعلقہ اداروں سے کہا گیا ہے کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی پیشگی تیاری رکھیں۔






















