فلائی جناح کی جانب سے مزید ایک اور بین الاقوامی سیکٹر سمیت اندرون ملک تین شہروں کے لیے پروازوں کا آغاز کردیا گیا، کراچی سے ملتان کے لیے پہلی پرواز ایک سو اٹھاون مسافروں کو لیکر روانہ ہوئی۔
کراچی ایئرپورٹ کے ڈومیسٹک لاؤنج میں فلائی جناح کے نئے روٹس پر افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں فلائی جناح کے چیف آپریٹنگ افسر سمیت ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی اور پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ذیشان سعید نے اس موقع پر کیک کاٹا۔ ڈی جی پی اے اے نے فلائی جناح کے روٹس میں توسیع کو مسافروں کے لیے خوش آئند قرار دیا۔ ڈی جی سول ایشن اتھارٹی نادر شفیع ڈار کے مطابق اسکردو سمیت دیگر علاقائی ایئرپورٹس پر پروازوں کی تعداد میں اضافے کے لیے منصوبہ بندی جاری ہے۔
فلائی جناح کے چیف آپریٹنگ آفیسر ارمان یحییٰ کا کہنا تھا کہ آج کراچی سے جدہ ، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان روٹس کا افتتاح کیا ہے۔۔ رواں ہفتے مزید طیاروں کی شمولیت سے ایئرلائن کے بیڑے کی تعداد آٹھ ہوگئی ہے۔۔۔ ایئرلائن انتظامیہ کے مطابق مستقبل میں مزید بہتر سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے نئے سیکٹرز اور جہازوں کے حصول کے لیے کاوشیں جاری ہیں






















