وزیراعظم کی منظور کردہ کلائمیٹ ایکشن پالیسی کی مزید تفصیلات سامنے آگئیں۔
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی نے پلان کی تفصیلات قومی اسمبلی میں پیش کردیں۔ کلائمیٹ ایکشن پالیسی کے تحت جون 2026 تک ملک بھر کی آدھی تجاوزات کا مکمل خاتمہ کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے کہا کہ پلان میں صوبوں اور وفاقی وزارتوں کی سفارشات شامل ہیں، 14 بنیادی نکات پر 240 دنوں میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
منصوبے کے تحت حالیہ مون سون سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی تعمیرنو ہوگی، چھوٹے ڈیمز کی تعمیر جلد از جلد مکمل کی جائے گی، اربن ڈرین اور نہروں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے گا، پیشگی درست الرٹس کے لئے ٹیکنالوجی مزید مؤثر بنائی جائے گی۔
تمام صوبوں میں فلڈ پلان ریگولیشنز ایکٹس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، جون 2026 تک ملک بھر میں آدھی تجاوزات کا خاتمہ کرکے قومی آبی کونسل کو فعال بنایا جائے گا، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مون سون تالاب بنائے جائیں گے۔ موبائل ہیلتھ کلینیکس کا قیام اور لاجسٹک سسٹم کی اپ گریڈیشن بھی پلان کا حصہ ہے۔



















