پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں فیلڈ مارشل کی بطورچیف آف ڈیفنس فورسزتعیناتی پر قرارداد حکومتی اراکین کی جانب سے متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ، قرارداد میں چیف آف ڈیفنس فورسز کو بھر پور خراج تحسین پیش کیا گیا ۔
قرار داد میں کہا گیاہے کہ اس عہدے پر تعیناتی سے بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کا وقار بڑھا ہے، تعیناتی سے ملک کی عسکری تاریخ میں نیا اور سنہری باب رقم ہوا ہے، اس عہدے سے بھارت سمیت تمام دشمنوں کے اوسان خطا ہو چکے ہیں، یہ تعیناتی ملکی سرحدوں کو مزید محفوظ اور ناقابل تسخیر بنانے کے عزم کا اظہار ہے، تعیناتی دفاعی نظام کیلئےاہم سنگ میل ہے،قوم کو اس قیادت پر مکمل بھروسہ ہے، پاک فوج کی ملک میں معاشی استحکام اور سلامتی کیلئے کاوشوں پر پواریقین ہے۔
متن میں کہا گیاہے کہ دفاعی مضبوطی اورداخلی امن کی بحالی ہی معاشی و معاشرتی ترقی کی بنیاد ہے، فیلڈ مارشل کی قیادت میں قومی سلامتی کےادارے اورسول حکومت ایک ہیں، پنجاب اسمبلی کا ایوان فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت پر مکمل اعتماد کرتا ہے، چیف آف ڈیفنس فورسز کی کامیاب مدتِ ملازمت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا ، یہ ایوان سی ڈی ایف کی قیادت میں بھرپور کامیابیوں کیلئے دعاگو ہے، قرارداد شعیب صدیقی، شوکت بھٹی،طاہر جمیل،احسن رضا ،ذوالفقارشاہ اور رانا احمد شہریارنےمشترکہ طورپرجمع کرائی۔






















