جمہوریہ انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، پاک فضائیہ کے 6 جے ایف تھنڈر 17 جنگی طیاروں نے مہمان کا استقبال کیا اور فضائی سلامی پیش کی ۔
سرکاری میڈیا کے مطابق اسلام آباد پہنچنے پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو اور اعلیٰ سطح کے وفد کا استقبال کیا، انہیں 21 توپوں کی سلامی دی گئی، بچوں نے پھول پیش کیے۔
فضائی استقبال
پاک فضائیہ کے 6 جے ایف 17 جنگی طیاروں نے انڈونیشیا کے صدر کا استقبال کیا ، پاک فضائیہ کے جنگی طیاروں نے انڈونیشیا کے صدر پر ابوووسبیانتو کو فضائی سلامی پیش کی، پاک فضایہ کے طیاروں نے انڈونیشین صدر کے طیارے کو حصار میں لیا اور خوش آمدید کہا۔
انڈونیشیا کے صدر نے پاک فضائیہ،پاکستانی قیادت اور پاکستان کی عوام کا شکریہ ادا کیا، پاک فضائیہ کی جانب سے شاندار استقبال دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات اور باہمی احترام کا مظہر ہے، پاکستان کی فضا میں پرتپاک استقبال دونوں ممالک کےدرمیان پائیدار دوستی اور بھائی چارے کا ثبوت ہے۔
پاکستان کی حدود میں برادر ممالک کو فضائی سلامی پیش کرنا جذبہ خیرسگالی کی روایات کا عکاس ہے۔
صدر انڈونیشیا کا دورہ اس لحاظ سے بھی خصوصی اہمیت رکھتا ہے کہ اس سال پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے، انڈونیشیا کے صدر پرابووو سوبیانتو پہلی بار اسلام آباد آئے ہیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق صدر پرابووو سوبیانتو اپنے 2 روزہ قیام کے دوران وزیرِاعظم کے ساتھ وفود کی سطح پر مذاکرات کریں گے، وہ صدرِ آصف علی زرداری، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
دورے کے دوران دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری، دفاع، صحت، آئی ٹی، موسمیاتی تبدیلی، تعلیم، ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ اور علاقائی و عالمی سطح پر شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر جامع تبادلہ خیال کریں گے۔
صدر ابووو کے دورے کے موقع پر دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے جانے کا بھی امکان ہے۔



















