انڈونیشیا کے صدر پرابوو سبیانتو دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ صدر مملکت اور وزیراعظم نے ایئرپورٹ پر استقبال کیا۔ معزز مہمان کو اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔
پاکستان اور انڈونیشیا کے اعلیٰ ترین سفارتی رابطوں کا نیا دور شروع ہو گیا۔ انڈونیشیا کے صدر پرابوو سبیانتو دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف ایئرپورٹ پر استقبال کیلئے موجود تھے۔ بچوں نے معزز مہمان کو پھول پیش کیے۔ 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔
انڈونیشن صدر کی پاکستانی ہم منصب آصف علی زرداری سے ملاقات طے ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے وفود کی سطح پر باضابطہ مذاکرات ہوں گے، جبکہ چیف آف آرمی اسٹاف اورسی ڈی ایف فیلڈمارشل سیدعاصم منیر سے بھی ملاقات ہوگی ۔
دو روزہ دورے کے دوران تجارت و سرمایہ کاری،ڈیفنس اینڈ سیکیورٹی ،صحت اور طبی تحقیق انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ کلائمیٹ چینج اور تعلیم و ثقافت سمیت کئی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر غور کیا جائے گا۔ باہمی تعاون کے نئے فریم ورک سے متعلق متعدد اہم ایم او یو پردستخط کا بھی امکان ہے۔






















