معروف یوٹیوبر اقرا کنول نے دعویٰ کیا ہے کہ جیل میں گزارے گئے مشکل وقت نے یوٹیوبر سعد الرحمٰن المعروف ڈکی بھائی کی ذہنی صحت کو شدید متاثر کیا ہے، اسی وجہ سے وہ اس وقت تنہائی اور اہل خانہ کے ساتھ وقت گزارنے کی ضرورت ہے ۔
اپنے نئے ولاگ میں شوہر اریب پرویز کے ہمراہ گفتگو کرتے ہوئے اقرا کنول نے بتایا کہ وہ ڈکی بھائی کی رہائی کے فوراً بعد ان سے ملنے نہیں گئے کیونکہ حالات ایسے نہیں تھے کہ انہیں فوری ملاقات کی جائے۔ اریب پرویز کے مطابق وہ ضمانت کے بعد ملاقات کے خواہش مند تھے، تاہم عروب جتوئی نے مشورہ دیا کہ فی الحال ڈکی بھائی کی حالت ملاقات کے لیے مناسب نہیں۔
اریب پرویز نے بتایا کہ چونکہ ڈکی بھائی پہلی بار جیل گئے تھے اور وہاں کا ماحول ان کے لیے بالکل نیا تھا، اس لیے رہائی کے بعد انہیں فوری طور پر آرام، پرائیویسی اور گھر والوں کی ضرورت تھی۔ اقرا کنول نے کہا کہ جیل میں گزارے گئے تکلیف دہ ایام نے ڈکی بھائی کو ذہنی طور پر متاثر کیا، اس لیے وہ کسی قسم کے دباؤ یا سوشل انٹراکشن کے لیے تیار نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ کوئی بھی شخص مشکل وقت کے فوراً بعد یوٹیوب پر واپس آکر پہلے جیسا نارمل رویہ دکھا سکتا ہے، لیکن حقیقت میں ایسا ممکن نہیں ہوتا۔
اقرا کنول کا کہنا تھا کہ ڈکی بھائی کی اہلیہ نے بھی بتایا ہے کہ وہ اس وقت پریشان ہیں اور کسی سے ملنا نہیں چاہتے، لہٰذا انہیں وقتی طور پر تنہا چھوڑ دیا جائے۔
واضح رہے کہ ڈکی بھائی حال ہی میں ضمانت منظور ہونے کے بعد رہا ہوئے ہیں۔ اگست میں ایف آئی اے نے انہیں جوئے کی ایپس کی تشہیر کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔





















