وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ معاشی و صنعتی پیداواری صلاحیتیں بڑھانے کیلئے فنڈ کا صحیح استعمال نہیں کیا گیا۔ دوطرفہ اور راہداری تجارتی مصنوعات کی بارڈر پر کسٹم ڈیوٹی وصولی کی کڑی نگرانی کی جائے۔ حکومت کی طرف سے منظور کردہ قومی ٹیرف پالیسی انقلابی قدم ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت تجارتی شعبے سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ کسٹم ڈیوٹی اور تجارتی شعبے میں اصلاحات پر قائم ذیلی گروپ کی سفارشات پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہائیوں سے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ ریسرچ اور ٹریننگ کیلئے استعمال نہیں ہوا۔ ملکی صنعتی پیداوار اور تجارت میں اضافے کے لیے مسائل کی نشاندہی ناگزیر ہے۔ وزیراعظم نے صنعتی مصنوعات کی پیداواری لاگت کم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات حکومتی ترجیح قرار دی۔ کہا حکومت کی طرف سے منظور کردہ قومی ٹیرف پالیسی انقلابی قدم ہے۔ یہ پالیسی صنعتی پیداوار بڑھانے کے ساتھ منڈیوں میں کاروبار کو مسابقتی بناتی ہے۔
کاروباری افراد پر مشتمل ذیلی ورکنگ گروپ نے وزیراعظم کو کسٹم اور ٹیکس وصولی سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزرا محمد اورنگزیب، عطاءاللہ تارڑ، مصدق ملک اور اویس لغاری سمیت دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔



















