بھارتی مسافر طیارے کی کویت سے حیدرآباد جانے والی پرواز کو بم سے اڑانے کی دھمکی ملنے کے بعد ممبئی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی۔
رپورٹ کے مطابق کویت سے اڑان بھرنے والا انڈیگو کمپنی کا جہاز سکس ای 1234 تلنگانہ کے شہر حیدر آباد جا رہا تھا تاہم بم کی اطلاع ملنے کے بعد انتظامیہ حرکت میں آئی اور اس کو قریب ترین ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بم کی دھمکی ایک ای میل کے ذریعے دوران پرواز دہلی ایئرپورٹ کو موصول ہوئی۔ جس میں بتایا گیا تھا کہ جہاز کے اندر ایک ’ہیومن بم‘ موجود ہے۔ جس کے بعد جہاز کے عملے سے رابطہ کیا گیا اور ممبئی ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے قبل تمام ضروری اقدامات کیے گئے اور اسپتالوں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی۔
یہ جہاز جو کہ ایئر بس ہے، کویت سے رات ایک بج کر 56 منٹ پر روانہ ہوا تھا اور دھمکی کے بعد صبح آٹھ بج کر 10 منٹ پر ممبئی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی۔ رپورٹ کے مطابق مسافروں کو اتار لیا گیا ہے اور طیارے کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔
واقعے کے حوالے سے کمپنی کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ اطلاع ملنے پر فوراً پروٹوکول کے تحت متعلقہ حکام کو مطلع کیا گیا اور چیکنگ کے لیے ضروری اقدامات بھی کیے گئے۔
اس سے قبل 23 نومبر کو بھی راجیو گاندھی ایئرپورٹ پر بھی ایسی اطلاع موصول ہوئی تھی کہ بحرین سے آنے والے جہاز میں بم ہے۔ اس کے بعد اس کا رخ بھی ممبئی کی طرف موڑ دیا گیا تھا اور ہنگامی اور محفوظ لینڈنگ کی تھی۔






















