سینیٹ نے گرفتار ، نظربند اور زیرحراست افراد سے تفتیش سے متعلق بل اور فیٹل ایکسیڈنٹس (ترمیمی) بل 2024 سمیت تین بلوں کی متفقہ منظوری دے دی ۔ متعدد پرائیویٹ بل قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیئے گئے ۔
سینیٹ کا اجلاس چیئرمین یوسف رضا گیلانی کی زیرصدارت ہوا ۔ سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے گرفتار ، نظربند اور زیرحراست افراد سے تفتیش سے متعلق ترمیمی بل سینیٹ میں پیش کیا جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا ۔ فاروق نائیک نے بتایا کہ بل کی رو سے گرفتار شخص کو گرفتاری کی تحریری وجوہات بتائی جائیں گی ۔ اس کو وکلا کی مدد حاصل ہوگی ، اس کو فیملی سے ملاقات کی اجازت اور دوائیاں مل سکیں گی ۔ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے پولیس افسران کو جرمانہ ہوگا ۔
سینیٹر شہادت اعوان کی جانب سے پیش کیا گیا فیٹل ایکسیڈنٹس (ترمیمی) بل بھی متفقہ طور پر منظور۔حادثات سے متعلق کیسز کا فیصلہ چھ ماہ میں کیا جائے گا ۔ سینیٹر شہادت اعوان کا پیش کردہ لمیٹڈلائیبلیٹی پارٹنرشپ (ترمیمی) بل بھی سینیٹ نے منظور کرلیا ۔ پاکستان سائیکالوجیکل کونسل بل، انسداد الیکٹرانک کرائمز ترمیمی بل ، الیکٹرانک نیکوٹین ڈلیوری سسٹمز ریگولیشن بل ، یونیورسٹیوں میں مستحق افراد کیلئے خصوصی نشستیں مختص کرنے سمیت متعددبل متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیئے گئے ۔ پاکستان اینیمل سائنس کونسل بل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کو بھجوانے کی تحریک منظور ۔ طلحہ محمود کی بیروزگاری پر قابو پانے کی قراردادمتعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کردی گئی ۔






















