ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر عام شہریوں کے ساتھ ساتھ پولیس اہلکار بھی قانون کے شکنجے میں آگئے۔
سی ٹی او لاہور کے مطابق گزشتہ تین روز میں 149 پولیس افسران اور اہلکاروں کی گاڑیاں ای چالان ڈیفالٹر ہونے پر بند کی گئیں۔سی ٹی او لاہور ڈاکٹر اطہر وحید نے بتایا کہ موقع پر ہی پولیس کی 80 موٹر بائیکس اور گاڑیوں کا چالان کیا گیا، جبکہ تمام گاڑیوں کو جرمانے کی ادائیگی کے بعد چھوڑا گیا۔
انہوں نے کہا کہ اگر پولیس ملازمین قانون کی خلاف ورزی کریں گے تو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 55 سے زائد دیگر سرکاری محکموں کی تقریباً 600 سرکاری گاڑیوں کے ای چالان بھی جمع کروائے گئے۔
سی ٹی او لاہور نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر بلاتفریق کارروائی جاری ہے اور ٹریفک نظام بہتر بنانے کے لیے سخت اقدامات جاری رہیں گے۔






















