پاکستان اور روس کے درمیان تجارت، اقتصادیات، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے لیے قائم دسویں بین الحکومتی کمیشن کا تین روزہ اجلاس مکمل ہو گیا، مسابقتی پالیسی میں تعاون بڑھانے پراتفاق سمیت متعدد اہم ایم او یوز اور پروٹوکول پر دستخط کردیئے گئے ۔
اسلام آباد میں پچیس سے ستائیس نومبر تک جاری رہنے والا اجلاس پاکستان کے وفاقی وزیر توانائی اویس احمد لغاری اور روس کے وزیر توانائی سرگئی سیویلیوف کی مشترکہ صدارت میں ہوا۔ اجلاس کے اختتام پر دسویں آئی سی جی کا سرکاری پروٹوکول اور تین اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے ۔
جن میں اے پی پی اور روس کی اسپوتنک نیوز ایجنسی کے درمیان میڈیا تعاون کا معاہدہ، پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی اور روسی فیڈرل ایجنسی فار ٹیکنیکل ریگولیشن کے درمیان معیار، میٹرولوجی اینڈ سرٹیفکیشن میں تعاون کا معاہدہ اور کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان کا روسی فیڈرل اینٹی مونولوپولی سروس کے درمیان مسابقتی قوانین اور مہارت کے تبادلے سے متعلق ایم او یو شامل ہیں۔
فریقین نے نویں آئی جی سی فیصلوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ پاکستانی اسپورٹس گڈز، آئی ٹی سروسز، انجینئرنگ آئٹمز اور زرعی اجناس کے لیے روسی مارکیٹ تک رسائی بڑھانے پر زور دیا گیا۔ دونوں ممالک نے کارگو کی پائلٹ موومنٹ کو آگے بڑھانے اور جلد پائلٹ ٹرین چلانے پر اتفاق کیا، جو علاقائی کنیکٹیویٹی میں اہم سنگِ میل ہوگا۔






















