ملک کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں موسم شدید سرد رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد اورگردونواح میں موسم سرد اورخشک رہےگا، خیبرپختونخوا کےبیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہے گا، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورخشک رہنےکی توقع ہے۔
بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، بلوچستان کے شمالی اضلاع میں صبح اور رات میں موسم شدید سرد رہنےکا امکان ہے۔
آج صبح اسلام آباد اور مظفرآباد 5 ڈگری سینٹی گریڈ، لاہور 12، کراچی 20، پشاور 9، کوئٹہ منفی 1، گلگت منفی 4 اور مری 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی
دوسری جانب مغربی ہواؤں کا طاقتور سلسلہ 6 سے 10 دسمبر کے دوران بلوچستان میں داخل ہوگا، بلوچستان میں داخل ہوگا، جس کے بعد بارشوں کا پہلا بھرپور اور طویل مرحلہ شروع ہو جائے گا۔ یہ سلسلہ وقفے وقفے سے پورے مہینے جاری رہنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
بارش سے ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان، کوہلو، سبی، لسبیلہ، آواران، کیچ، گوادر، پنجگور، خضدار، قلعہ سیف اللہ، چاغی، نوشکی، واشک اور مستونگ سمیت بڑے قحط زدہ اضلاع میں نمایاں بہتری آئے گی۔ کئی مقامات پر گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشیں جبکہ بالائی علاقوں میں برف باری کا بھی امکان ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سال شمال مغربی ہوائیں معمول سے زیادہ فعال ہیں، جبکہ عرب سمندر سے آنے والی نمی بلوچستان کی جانب مسلسل رخ کر رہی ہے۔ انہی موسمی عوامل کے باعث بارشوں کا یہ سلسلہ نہ صرف طویل بلکہ زیر زمین پانی اور ڈیموں کے ذخائر میں خوشگوار اضافے کا سبب بھی بنے گا۔



















