پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) اور لاہور قلندرز کے درمیان مزید دس سال کے لیے معاہدے کی تجدید کردی گئی۔ معاہدے کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں پی سی بی اور قلندرز کے نمائندوں نے شرکت کی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے معاہدے کی تجدید کو پی ایس ایل پر اعتماد کا ثبوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ لاہور قلندرز کے مالکان نے اپنی فرنچائز کو عالمی برانڈ میں تبدیل کردیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے کہا کہ پی ایس ایل اگلے سال 11ویں ایڈیشن سے 8 ٹیموں تک بڑھ جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور قلندرز کا جذبہ اور توانائی پی ایس ایل کی پہچان ہے جبکہ قلندرز کی ٹیلنٹ نرسری نے پاکستان کرکٹ کو نیا خون فراہم کیا۔
اسلام آباد میں پی سی بی حکام نے بتایا کہ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں چار سال کے دوران تین ٹائٹل لاہور قلندرز نے اپنے نام کیے جو فرنچائز کی کارکردگی کا واضح ثبوت ہے۔
پی سی بی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ لاہور قلندرز کے ساتھ مضبوط شراکت داری مستقبل میں بھی برقرار رہے گی۔





















