ایئر مارشل ریٹائرڈ عاصم سلیمان نے سماء نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلی بات یہ ہے کہ ایئر فورس کا پروفشنلزم ہے کہ جب بھی ایک جہاز پر شبہ ہو تو اسے اُڑاتے نہیں ہیں، اس جہاز میں تو مسائل تھے، کچھ دن پہلے تیل کی لیکج کی ویڈیو آئی اور ٹیکنیکل مسائل سامنے آئے، اگر جہاز تکنیکی طور پر پوری طرح تیار نہیں ہوتا تو آپ اسے اُڑاتے نہیں ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عاصم سلیمان کا کہناتھا کہ ان کے اپنے ایئر چیف کا ہی بیان ہے کہ جو مصنوعات بنائی جارہی ہیں وہ اتنی اچھی نہیں ہے اس کا معیار وہ نہیں جو ہمیں چاہیے ، بھارتی ایئر چیف نے تیجس بنانے والی کمپنی پر بہت سارے سوالیہ نشان لگائے تھے ،سب سے بڑی چیز ہے کہ جب ایئر شو میں جہاز اُڑاتے ہیں تو آپ اپنا سب سے اچھا جہاز اور بہترین پائلٹ کو ہوا میں دکھاتے ہیں تاکہ لوگوں کو پتا چلے کہ آپ کے ملک کی کیسی پرفارمنس ہے ، آپ کی ایوی ایشن انڈسٹری ترقی کر رہی ہے ۔
ان کا کہناتھا کہ جب آپ اچھی چیزیں نہیں بنائیں گے تو اُڑائیں گے کیسے؟ اس کے ساتھ ہی فلائنگ کا کاروبار ہے اس میں حادثات ہوتے ہیں، یہ کہنا ہے کہ کوئی جان بوجھ کر نہیں کرتا، کوتاہی ہوتی ہے تو حادثہ ہوتاہے ، یہ پائلٹ کی کوتاہی ہے یا تکینکی کوتاہی ہے یہ تو وقت بتائے گا جب انکوائری ہو گی ۔
عاصم سلیمان کا کہناتھا کہ جے ایف 17 تھنڈر کا تیجس سے کوئی مقابلہ نہیں، جے ایف تھنڈر تو جنگ میں آزمایا جا چکاہے ، اس سے ہم نے جنگ جیتی ہے ، ہمارا جہاز ان سے بہتر ہے ، ہمارے ایئر چیف نے جو ملٹی ڈومین آپریشن کروائے ہیں اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ہے ۔






















