پاکستانی روپیہ کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں کمی کا رجحان آج بھی برقرار ہے۔
کرنسی ڈیلرز کے مطابق کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی ڈالر سستا ہو گیا جبکہ روپے کی قدر میں مزید بہتری آگئی۔
منگل کو کاروبار کے آغاز پر انٹر بینک میں ڈالر47 پیسے سستا ہو گیا، جس کے بعد ڈالر کی قیمت 285 روپے 50 پیسے ہو گئی۔ گزشتہ روز کاروبار کے احتتام پر ڈالر 285 روپے ، 97 پیسے پر بند ہوا تھا۔
یاد رہے کہ پاکستانی کرنسی کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں کئی ہفتوں سے اضافے کا رجحان رہا تاہم گزشتہ کاروباری ہفتے کے اختتام پر مجموعی طور پر ڈالر کی قدر میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ رواں کاروباری ہفتے کے دوران بھی ڈالر کی قدر میں کمی دیکھی جارہی ہے۔
قبل ازیں 17 اکتوبر کو ایک ڈالر کی قیمت انٹر بینک میں 276.83 روپے کی سطح تک گر گئی تھی جو ستمبر کے شروع میں 307.10 کی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر تھی۔ اس کے بعد اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن اور ایکسچینج کمپنیوں کے ضوابط میں ترمیم کے بعد ڈالر کی قیمت میں کمی کا سلسلہ شروع ہوا تاہم 17 اکتوبر کے بعد سے ڈالر کی قیمت میں تسلسل کے ساتھ اضافہ دیکھا جا رہا تھا۔