وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے وزارت منصوبہ بندی کی ماہانہ ڈویلپمنٹ اپ ڈیٹ رپورٹ جاری کردی اور کہا کہ حکومت نے سی پیک کو دوبارہ بحال کیا ہے، چین کو دس سال میں دس ہزار پی ایچ ڈیز کرانے کی تجویز دی ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے پریس کانفرنس میں وزارتِ منصوبہ بندی کی ماہانہ ڈویلپمنٹ اپ ڈیٹ رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ترقیاتی منصوبوں پر بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت نے سی پیک کو دوبارہ زندہ کیا ہے، چین کو دس سال میں دس ہزار پی ایچ ڈی اسکالرشپس کرانے کی تجویز دی ہے، جبکہ امریکا کی ٹاپ یونیورسٹیز سے بھی دس ہزار پی ایچ ڈی کرانے کا پلان تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال ایک ہزار ارب روپے کا پورا ترقیاتی بجٹ خرچ کیا جائے گا اور سو فیصد فنڈز کے استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔احسن اقبال نے واضح کیا کہ ترقیاتی بجٹ میں کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی، اگر کسی کو بدعنوانی نظر آئے تو رپورٹ کرے، اس پر فوری کارروائی ہوگی۔وفاقی وزیر کے مطابق مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ترقیاتی بجٹ کا استعمال سست ہوتا ہے، تاہم بہتری کے لیے مسلسل اقدامات جاری ہیں۔






















