امریکا میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے پاکستان اور امریکا کے تعلقات نا صرف دونوں ممالک بلکہ پوری دنیا کے لئے اہم رہے ہیں۔ دنیا کے ان دو بڑے ممالک کے درمیان اچھے تعلقات اختیاری نہیں بلکہ ناگزیر ہیں ۔ انہوں نے پاک امریکا تعلقات کی معاشی جہت کو اولین ترجیح قرار دیا۔
امریکا کی بوسٹن یونیورسٹی کےاسکول آف گلوبل اسٹڈیز میں اظہارخیال کرتےہوئے سفیر رضوان سعید شیخ نےکہا ماضی میں پاک امریکا تعلقات کو سیکیورٹی کے تناظر میں دیکھا جاتا رہا ہے۔ موجودہ دور میں دونوں ممالک کی توجہ اقتصادی تعلقات پر مبنی تذویراتی شراکت داری کے فروغ پر ہے ۔
رضوان سعید شیخ کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے کے لئے ایک اقتصادی مرکز ہے ۔ ایشیا ، افریقا اور دیگر ممالک کی ضروریات کو بھی پورا کر سکتا ہے۔ پاکستانی سفیر نے رواں سال مئی میں پاک بھارت سیزفائر اور کشیدگی کم کرانے کے حوالےسے امریکی صدر کی ذاتی کوششوں کو سراہا اور اس امر پر زور دیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تصفیہ طلب معاملات حل کرنے کیلئے مذاکرات کی ضرورت ہے ۔ تاکہ جنوبی ایشیا کے اقتصادی اور دیگر مسائل کو مستقل طور پر حل کیا جا سکے۔






















