وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس امین الدین خان نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی۔ صدر آصف علی زرداری نے جسٹس امین الدین خان سے حلف لیا۔ تقریب میں وزیراعظم شہبازشریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی نے شرکت کی۔
سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف بھی موجود تھے۔ تقریب میں وفاقی وزراء، ارکان پارلیمان اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے بھی شرکت کی۔
واضح رہے کہ جسٹس امین الدین خان وفاقی آئینی عدالت کے پہلے چیف جسٹس مقرر ہوگئے تھے۔ صدرمملکت آصف علی زرداری کی منظوری کے بعد وزارت قانون نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ وزیراعظم شہبازشریف نے جسٹس امین الدین کو وفاقی آئینی عدالت کا چیف جسٹس مقرر کرنےکی سفارش صدر کو بھجوائی تھی۔






















