بلوچستان کے ضلع خضدار میں خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کے لیے قومی سطح پر خصوصی مہم 17 نومبر سے 29 نومبر تک بھرپور انداز میں جاری رہے گی۔
محکمہ صحت کے مطابق مہم کے دوران چھ ماہ سے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو خسرہ اور روبیلا سے بچاؤ کی ویکسین بالکل مفت فراہم کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے بھی پلائے جائیں گے تاکہ انہیں عمر بھر کی معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے۔ضلع خضدار میں مہم کے دوران 1 لاکھ 50 ہزار 256 بچوں کو ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 49 یونین کونسلوں میں 227 ٹیمیں خدمات سرانجام دیں گی۔
محکمہ صحت کے مطابق،جن بچوں کو پہلے خسرہ اور روبیلا کی ویکسین لگ چکی ہے، انہیں بھی قومی مہم کے دوران دوبارہ ویکسین ضرور لگوائی جائے تاکہ ان کی قوتِ مدافعت مزید مضبوط ہو۔عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ قومی مہم میں بھرپور تعاون کریں تاکہ خسرہ، روبیلا اور پولیو جیسے موذی امراض سے بچوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔





















