بالی ووڈ کے معروف اداکار گووندا کو بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 61 سالہ گووندا کو گزشتہ رات گھر میں اچانک بے ہوش ہونے کے بعد ممبئی کے جوہو کے علاقے میں واقع کرٹی کیئر اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
اداکار گزشتہ شب طبی پیچیدگیوں اور ذہنی تناؤ کے باعث ہوش و حواس کھو بیٹھے، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ گووندا کے متعدد ٹیسٹ کیے گئے ہیں اور اب ان کی رپورٹس کا انتظار ہے۔
گووندا کے قریبی دوست اور قانونی مشیر بندل نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں تصدیق کی کہ اداکار کو رات گئے تقریباً ایک بجے ایمرجنسی میں اسپتال لایا گیا تھا، گھر پر پہلے ڈاکٹر سے فون پر مشورہ کیا گیا اور دوا دی گئی، لیکن حالت سنبھل نہ سکی تو اسپتال منتقل کرنا پڑا۔





















