صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس کے قریب خودکش دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے بھارت کی پشت پناہی میں سرگرم دہشتگرد نیٹ ورکس کے خلاف بھرپور کارروائی کا عزم دہرایا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد ڈسٹرکٹ جوڈیشل کمپلیکس کے قریب ہونے والے خودکش دھماکے کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ دہشتگرد عناصر پاکستان کے امن و استحکام کے دشمن ہیں، اور ان کا مکمل خاتمہ ناگزیر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی کچہری میں بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے صبرِ جمیل کے لیے دعا کی۔ انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ نہتے شہریوں پر بھارتی پراکسیز کے ذریعے حملے انتہائی قابلِ مذمت ہیں۔
وزیراعظم نے تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ داروں کو کیفرِ کردار تک پہنچا کر دم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان سے فتنۂ خوارج نے وانا میں معصوم بچوں کو نشانہ بنایا، جبکہ بھارتی پشت پناہی میں افغان سرزمین سے جاری حملوں کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہا کہ وانا اور اسلام آباد کے حملے خطے میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کی بدترین مثال ہیں۔






















