متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ جب بھی ضرورت پیش آئے، آئین میں ترمیم کی جاتی ہے، اور اب بھی ایسا ہی کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ 27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے ایم کیو ایم نے خود وزیراعظم سے رابطہ کیا ہے۔ یہ ترمیم گڈ گورننس، دفاع اور صوبوں کے درمیان بہتر ہم آہنگی سے متعلق ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کا معاملہ بہت اہم ہے، اس پر غیر ضروری قیاس آرائی سے گریز کیا جانا چاہیے۔
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ آئین کو دفاع اور قومی ضرورتوں سے ہم آہنگ کرنا ضروری ہے تاکہ ریاستی اداروں کے درمیان توازن اور اعتماد قائم رہے۔
ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ گزشتہ دنوں افواجِ پاکستان نے بھارت کو تاریخی شکست دی اور پاکستان کی عسکری برتری کو پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے دفاع اور گورننس کے نظام کو مضبوط بنانے کے لیے آئینی ترامیم وقت کی ضرورت ہیں۔






















