وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ دفاعی معاہدے سے پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے، مواصلات کے شعبے میں بھی تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔
وفاقی وزیر مواصلات کی کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل میری ٹائم ایکسپو اینڈ کانفرنس کے موقع پر سعودی ہم منصب انجینئر صالح بن ناصر الجاسر سے ملاقات ہوئی۔ عبدالعلیم خان نے سعودی وزیر ٹرانسپورٹ کو پاکستان میں سڑکوں کے نیٹ ورک پر بریفنگ دی۔
وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے سعودی ہم منصب انجینئر صالح بن ناصر الجاسر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے شاندار مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دیدی۔ صالح بن ناصر الجاسر نے عبدالعلیم خان کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت بھی دی۔
عبدالعلیم خان نے سعودی ہم منصب کو بتایا کہ ایم 6 ، ایم 10 ، ایم 13 اور ایم این جے سی منصوبے سرمایہ کاری کے لئے انتہائی پُرکشش ہیں۔ مانسہرہ ، ناران ، جھال کنڈ شاہراہ کا منصوبہ سیاحتی اعتبار سےمنافع بخش ہے ۔ سعودی عرب کے ساتھ ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس کے شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔ سعودی سرمایہ کار بڑےمنصوبوں سے فائدہ اٹھائیں۔
ملاقات میں عبدالعلیم خان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کےبرادرانہ تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں۔ مستقبل میں سعودی عرب کے ساتھ تعاون مزید بڑھانے کے خواہاں ہیں ۔ سعودی وزیر نے بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کے انتخابات میں پاکستان سے حمایت کی توقع ظاہر کی تو وزیر مواصلات نے فوری طور پر حمایت کی یقین دہانی کروا دی۔






















