وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے مصروفیات کے باعث برازیل میں ہونے والی کوپ تھرٹی کانفرنس میں شرکت نہ کرنے کا امکان ہے ، وزیراعظم نے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کو اپنی جگہ نامزد کر دیا۔
کاپ تھرٹی کانفرنس رواں ماہ برازیل کے شہر بیلم میں ہوگی۔ وفاقی وزارتِ موسمیاتی تبدیلی نے کانفرنس میں شرکت کیلئے تیاریاں مکمل کر لیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک کو اپنی جگہ نامزد کر دیا۔ ڈاکٹر مصدق ملک آج برازیل روانہ ہونگے۔
وزیراعلی پنجاب مریم نواز،سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب بھی کانفرنس میں شرکت کریں گی۔ کانفرنس کے دوران پاکستان ہر سال پچاس سے ساٹھ بلین ڈالر کی کلائمیٹ فنانسنگ کا مطالبہ کرے گا۔ چاروں صوبوں، جی بی اور آزاد کشمیر کے پروجیکٹس بھی پیش کیے جائیں گے۔ حکام وزارت موسمیاتی تبدیلی کے مطابق پاکستان کو دوہزار تیس تک تین سو اڑتالیس بلین ڈالر کی کلائمیٹ فنانسنگ درکار ہے۔






















