پاکستان انوائرنمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی جانب سے اسلام آباد کے مختلف مقامات پر گاڑیوں کی جانچ کے دوران 20 فیصد گاڑیاں ماحولیاتی معیار کی خلاف ورزی کرتی پائی گئیں۔ ڈیزل پر چلنے والی پرانی گاڑیوں کو فضائی آلودگی کا سب سے بڑا ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔
وزارت موسمیاتی تبدیلی کے مطابق پاک ای پی اے نے وفاقی دارالحکومت میں فضائی آلودگی میں اضافے کی نشاندہی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں 20 فیصد بھاری گاڑیاں ماحولیاتی معیار کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پائی گئیں۔ ہر پانچ میں سے ایک گاڑی مقررہ حد سے زیادہ دھواں چھوڑ رہی ہے۔
پاک ای پی اے اور اسلام آباد ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کے دھوئیں اور شور کی جانچ سیکٹر آئی الیون اور سرینگر ہائی وے پر کی ۔ مجموعی طور پر 100 گاڑیوں کا معائنہ کیا گیا۔ 20 غیر معیاری گاڑیوں کے ڈرائیورز کو جرمانہ کیا گیا جبکہ تین انتہائی آلودگی پھیلانے والی گاڑیاں بند کر دی گئیں۔
ای پی اے حکام کے مطابق ڈیزل پر چلنے والی گاڑیوں کی دیکھ بھال اور معائنہ سخت کرنے کی ضرورت ہے۔ گاڑیوں کے فٹنس سرٹیفکیٹ کے نظام پر نظرثانی کی سفارش بھی کی گئی ہے۔






















