سی ٹی او راولپنڈی نے کہا ہے کہ شہر میں یومیہ اوسطاً دو لاکھ گاڑیوں کی گزرگاہ کچہری چوک کے آنے جانے والے تمام راستے اتوار کی رات بند کردیئے جائیں گے ، ٹریفک کو متبادل راستوں سے گزارا جائے گا، اس کی وجہ کچہری چوک ری ماڈلنگ منصوبہ ہے ، تین فلائی اوورز اور تین انڈر پاسسز پر مشتمل یہ پراجیکٹ دس ماہ میں مکمل ہوگا۔ جس کے بعد کورال چوک سے 26 نمبر چونگی تک ٹریفک سگنل فری ہوجائے گی۔ چیف ٹریفک آفسیر راولپنڈی نے اپیل کی کہ پراجیکٹ کی تعمیر کے دوران مشکلات پیش آنے پر عوام صبر اور تعاون کریں ۔
راولپنڈی کے چیف ٹریفک آفیسر فرحان اسلم نے میڈیا بریفنگ میں بتایا اسٹاف کو پراجیکٹ کے اطراف کم چالان کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، کچہری چوک ری ماڈلنگ منصوبے کی تکمیل تک ساڑھے چار سو وارڈنز تین شفٹوں میں چوبیس گھنٹے ڈیوٹی سر انجام دیں گے، آٹھ لفٹرز کو کچہری چوک کے اطراف تعینات کیا گیا ہے جو ٹریفک کی راہ میں آنے والی رکاوٹیں ہٹائیں گے ۔
سی ٹی او کا کہنا ہے کچہری چوک کے اطراف واقع یونیورسٹیز اور تعلیمی اداروں میں روزانہ تین ہزار سے زائد طلباء آتے ہیں۔ کچہری چوک کی ری ماڈلنگ کے دوران پانچ مقامات پر بڑے بلاکنگ پوائنٹس بنائے جائیں گے، جناح پارک کے گرین ایریا میں وکلاء اور سائلین اپنی گاڑیاں پارک کر سکیں گے، جناح پارک میں اندر گراؤنڈ پانچ منزلہ پارکنگ پلازہ تعمیر کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔ سی ٹی او نے مزید کہا کہ کچہری چوک شہر کا سینٹر اور انٹری پوائنٹ ہے، مری روڈ، پشاور روڈ اور جی ٹی روڈ جو کچہری چوک لنک کرتا ہے، آٹھ لفٹرز کو کچہری چوک کے اطراف تعینات کیا ہے جو ٹریفک کی راہ میں آنے والی رکاوٹیں ہٹائیں گے ۔۔ گلگت بلتستان، کے پی کے اور کشمیر کی ساری سپلائی چین راولپنڈی سے ہے، اس کے لئے ہیوی ٹریفک کو آئی جے پی کا راستہ دیا گیا ہے۔



















