صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف نےیوم سیاہ کشمیر پر پیغام میں 78سال پہلے سرینگر پربھارتی قبضے،5 اگست 2019 کی کارروائی اورمسلسل مظالم کو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔
صدرمملکت کا اپنےپیغام میں کہنا تھا کہ کشمیری عوام نسلوں سےبھارتی ظلم و جبر اور انسانی حقوق کی پامالی کا شکار ہیں،اجتماعی سزائیں،املاک کی تباہی ، فوجی محاصرہ ، ماورائےعدالت قتل اور جبری گمشدگیاں بھارتی جبر کی علامت ہیں۔ عالمی برادری بھارت کو انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر جواب دہ ٹھہرائے ۔
وزیراعظم شہبازشریف نےیوم سیاہ کشمیر پر کہا کشمیریوں نےآٹھ دہائیوں سے بے پناہ ظلم و بربریت کامقابلہ کیا ہے،ان کی بہادری، جراتمندی اور آزادی کی تڑپ کو سلام پیش کرتے ہیں ۔ کشمیری اپنی جدوجہد میں اکیلے نہیں ۔ 24 کروڑ پاکستانی عوام اور حکومت ان کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ نائب
وزیراعظم اسحاق ڈار کا کہنا تھا بھارت کے دو ہزار انیس کے غیرقانونی اقدامات کے بعد مقبوضہ کشمیر میں انسانی المیہ بڑھ گیا ۔ بھارتی ہٹ دھرمی علاقائی امن و استحکام کے لئے سنگین خطرہ ہے ۔ حالیہ پاک بھارت کشیدگی نے ایک بار پھر یہ خطرہ مزید واضح کر دیا ۔ مسئلہ کشمیر کا فوری پرامن حل خطے اور عالمی برادری کے مفاد میں ہے۔
وزیرامورکشمیر انجینئر امیرمقام نے اپنے پیغام میں کہا بھارتی قبضے کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند اورارادے مضبوط ہیں،وہ حق خودارادیت کے مطالبے پر ڈٹے ہوئے ہیں، کشمیر میں ایک دن امن و انصاف کا سورج ضرور طلوع ہو گا۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نےبھی کشمیریوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئےکشمیری شہدا ، حریت رہنماؤں ، اسیران اور مظلوم خاندانوں کو سلام عقیدت پیش کیا ۔






















