امریکی صدر جو بائیڈن نے فلسطین کے مغربی کنارے میں شدت پسند اسرائیلی آبادکاروں پر پابندیاں عائد کرنے کی دھمکی دے دی۔
امریکی اخبارمیں لکھےگئے مضمون میں صدربائیڈن نے فلسطینیوں پرتشدد کی مذمت کی۔ بائیڈن کے مطابق انہوں نے اسرائیلی رہنماؤں کو سختی سےکہا کہ فلسطینیوں پر تشدد رکنا چاہیے اورفلسطینی شہریوں پر تشدد میں ملوث عناصر کو سزا ملنی چاہیے۔
صدربائیڈن نے کہا کہ فلسطینیوں پر حملوں میں ملوث اسرائیلی آبادکاروں پر ویزہ کی پابندی زیر غور ہے۔
غزہ میں اسرائیلی فوج اور القسام بریگیڈ کی لڑائی جاری ہے،عرب میڈیا کے مطابق القسام بریگیڈ نے غاصب فوج کی 17 بکتر بند گاڑیوں کو تباہ کیا،اسرائیلی فوج نے اپنے 8 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی۔
ڈبلیو ایچ او کےمطابق الشفا اسپتال میں 25 طبی عملہ اور 291 مریض اب بھی موجود ہیں، مریضوں میں 32 نومولود بھی ہیں جن کی حالت خراب ہے،آئی سی یو کے 2 مریض اور ڈائلاسز کے 22 مریض بھی اسپتال میں موجود ہیں،29 ایسے زخمی بھی ہیں جو میڈیکل سہارے کے بغیر چل پھر نہیں سکتے۔
عرب میڈیا کےمطابق انڈونیشن اسپتال کے قریب اسرائیلی افواج کی بدترین شیلنگ جاری ہے،الشفا اسپتال سے انخلا کے دوران ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کے قافلے پر اسرائیلی فورسز نے حملہ کردیا۔
امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہےکہ حماس اوراسرائیل عارضی جنگ بندی معاہدے کے قریب ہیں،معاہدے میں پانچ روزہ جنگ بندی اور پچاس قیدیوںکی رہائی شامل، ہے۔،واشنگٹن پوسٹ کے مطابق قیدیوں کو چھوٹی چھوٹی ٹولیوں میں روزانہ کی بنیاد پر رہا کیا جائے گا،ایندھن سمیت امدادی سامان کو غزہ تک پہنچنےکی اجازت ہوگی،امریکی حکام کےمطابق معاہدہ ہوا نہیں ہے لیکن فریقین معاہدے کے قریب ہیں۔