آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاک فوج ترکیہ کی بری افواج کو متعدد شعبوں میں مکمل تعاون فراہم کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہے،اورپاک ترک مضبوط اور برادرانہ تعلقات ہمیشہ قائم رہیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر برادر اسلامی ملک جمہوریہ ترکیہ کا دورہ کیا،آرمی چیف نے انقرہ میں ترکیہ کے عظیم رہنما مصطفیٰ کمال اتاترک کے مزار پر حاضری دی اور پھول رکھے۔ آرمی چیف کی ترک لینڈ فورسز کے ہیڈ کوارٹرز آمد پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا جبکہ چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اپنے دورے کے دوران ترک صدر رجب طیب اردوان، وزراء خارجہ اور دفاع، ترک جنرل سٹاف کے کمانڈر اور ترکیہ کی بری اور فضائی افواج کے کمانڈروں سے بھی ملاقات کی۔اور خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کیلئےترک افواج کی کوششوں کو سراہتے ہوئے ترک مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کے معیار کی تعریف کی۔
اس دوران ترک رہنمائوں نے رواں سال فروری میں ترکیہ میں آنے والے زلزلے کے دوران پاکستانی آرمی انجینئرز کی پیشہ ورانہ خدمات کا بھی اعتراف کیا۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تعلقات مضبوط اور برادرانہ ہیں جو ہمیشہ قائم رہیں گے، پاک فوج ترکیہ کی بری افواج کو متعدد شعبوں میں مکمل تعاون فراہم کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہے۔
پاک فوج کے سپہ سالار نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ مصیبت اور خوشی کے لمحات میں کھڑا رہا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرتا رہے گا۔
آرمی چیف کو وزیر دفاع اور کمانڈر ترک لینڈ فورسز نے دونوں ممالک کے مابین دفاعی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے ان کی پیشہ ورانہ خدمات کے اعتراف میں لیجن آف میرٹ سے نوازا۔