قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی نے 19 اگست کو کراچی میں بارش کے حوالے سے غلط پیش گوئی کرنے پر پی ایم ڈی سے تمام تفصیلات طلب کرلیں۔
شیری رحمان کی زیر صدارت سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے موسمیاتی تبدیلی کا اجلاس ہوا۔ سینٹر قرۃ العین مری نے پوچھا کہ 19 اگست کو کراچی میں تابڑ توڑ بارش ہوئی۔ وجہ معلوم کرنے پر ہمیں پی ایم ڈی کی پیش گوئی پکڑا دی گئی جس میں لکھا تھا کہ 19 تاریخ سے کراچی میں مون سون کا زور کم ہوگا لیکن اسی روز ایک ماہ جتنی بارش ہوگئی۔
سینٹر قرۃ العین مری نے کہا کہ کراچی کا موسم درست بتانے کے لیئے پی ایم ڈی کیا کر رہی ہے اور سندھ کو اس پیش گوئی میں ضلع لکھ دیا اس کا ذمہ دار کون ہے۔ ؟ ڈی جی میٹ کا اس پر کہنا تھا کہ تاریخیں نوٹ کر لی ہیں۔ اس پر مکمل جانچ کریں گے۔
چئیرپرسن کمیٹی کا کہنا تھا کہ محکمہ موسمیات پرانے طریقے پر چل رہا ہے۔ کمیٹی کو کاپ تھرٹی پر بریفنگ بھی دی گئی جس میں سیکٹری وزارت ماحولیاتی تبدیلی عائشہ حمیرا نے بتایا کہ اس کاپ میں کلائمیٹ ڈیزاسٹر فنڈ ایکٹو ہوجائے گا جس پر چئیرپرسن کمیٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان اس فنڈ کو لیڈ کر رہا تھا اب ہمیں اس کمیٹی کی ممبرشپ تک میں مسائل آرہے ہیں۔
سیکٹری ماحولیاتی تبدیلی نے بتایا کہ وزیر اعظم کاپ کانفرنس میں جانے یا نہ جانے کا ابھی کنفرم نہیں ہے لیکن صوبوں کے وزائے اعلی اس میں شریک ہونگے۔ کمیٹی ممبران کی جانب سے اسلام آباد میں جمع ہونے والے پلاسٹک کو ریسائیکل کرنے کے لئے چھوٹا یونٹ لگانے کا مشورہ بھی دیا۔






















