پاکستان کرکٹ ٹیم کے ون ڈے اسکواڈ کی قیادت اب ایک نئے کپتان کے ہاتھوں میں چلی گئی۔ جنوبی افریقا کے خلاف تین میچوں کی ون ڈے سیریز کیلئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو ون ڈے ٹیم کا نیا کپتان مقرر کر دیا ہے۔
محمد رضوان کی جگہ شاہین شاہ آفریدی کو کپتان بنانے کا فیصلہ اسلام آباد میں ہونے والے ایک اہم اجلاس کے بعد کیا گیا، جس میں وائٹ بال ہیڈ کوچ مائیک ہیسن، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید اور سلیکشن کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔پی سی بی کے مطابق شاہین شاہ آفریدی چار سے آٹھ نومبر تک فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلی جانے والی تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی پاک جنوبی افریقا سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت کرینگے ۔۔ پچیس سالہ شاہین نے اب تک پاکستان کی جانب سے چھیاسٹھ ون ڈے اور بانوے ٹی ٹوئنٹی میچز میں شرکت کی ہے،اور مجموعی طور پر دوسوانچاس وکٹیں حاصل کی ہیں۔ بتیس ٹیسٹ میچز میں ان کی وکٹوں کی تعداد ایک سو بیس ہے۔ اس سے قبل شاہین آفریدی دوہزار چوبیس میں نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی قیادت کر چکے ہیں ۔۔۔






















